Home  
    Mayor  
    Deputy Mayor  
    Metropolitan Commissioner  
    Departments  
    KMC Directory  
    Photo Gallery  
    Video Gallery  
       
 
 
       
    Tender Information  
    KMC Function  
    Tenders  
    Grand Auctions  
    Section 144 CR.P.C  
    Notifications  
    KMC Resolution  
       
 
 
       
    Public Notice  
    Information  
    National Holidays  
    Prayer Timings  
    Archive  
       


 
 
 
 
     
  میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کو پاکستان کا مثالی ٹینکرز ٹرمینل بنائیں گے تاکہ دوسرے صوبے بھی اس کی مثال دیں-  
     
  27-Jul-2017  
     
   
     
  میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کو پاکستان کا مثالی ٹینکرز ٹرمینل بنائیں گے تاکہ دوسرے صوبے بھی اس کی مثال دیں- یہ کراچی کے مسائل کے حل کے حوالے سے بہت بڑی پیش رفت ہے، ٹرمینل کے آغاز کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے مالی تعاون کے لئے مشکور ہیں ،کراچی کے شہریوں کے لئے آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل اور تاریخی دن ہے کیونکہ شہر کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے،جو بھی مسائل ہیں انہیں مل بیٹھ کر حل کریں گے اور اس ٹرمینل کو 200 ایکڑ کے بجائے 400 ایکڑ تک لے جائیں گے، کراچی آج بھی سب سے زیادہ ریونیو جمع کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے،وفاقی حکومت کو ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے کراچی سے حاصل ہوتے ہیں لہٰذا وفاقی و صوبائی حکومتیں مسائل کے حل کے لئے وسائل فراہم کریں، یہ بات انہوں نے جمعرات کی شام ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری ڈاکٹر بدر الدین، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین محمد حسن، منیجنگ ڈائریکٹر PSO عمران الحق شیخ، جنرل سیکریٹری آل پاکستان ٹینکرز ایسوسی ایشن حنیف کاکڑ، جنرل سیکریٹری ایڈیبل آئل ایسوسی ایشن بختاور، جی ایم آپریشن افتخار صدیقی، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ مختار حسین، جی ایم سیکورٹی PSO غلام حسین گھمن، میڈم شمائلہ، کیپٹن ریٹائرڈ آصف امان اللہ زرداری، کنٹریکٹر سلیم احمد خان، شاپ کیپرزایسوسی ایشن کے ممبران ، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور کے ایم سی کے دیگر افسران بھی موجود تھے،قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر ازخود آئل ٹینکر ڈرائیو کرتے ہوئے ٹرمینل پہنچے جہاں انہوں نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں سے آئل ٹینکرز کو ذوالفقار آباد ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل منتقل کرنے کا آغاز ہورہا ہے، اس ٹرمینل پر آئل ٹینکرز مالکان ، ڈرائیورز اور دیگر متعلقہ افراد کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کردی گئی ہیں اورPSO نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آگے چل کر یہاں پیٹرول پمپ بھی قائم کردیا جائے گا، ہم نے اس ٹرمینل کو فعال کردیا ہے اب یہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ افراد کی ذمہ داری ہے کہ اسے جلد از جلد آباد کریں ، ٹرمینل میں 3200 آئل ٹینکرز پارک کرنے کی گنجائش ہے جبکہ 10 ہزار افراد کے لئے انفراسٹرکچر دستیاب ہے، انہوں نے کہا کہ ٹرمینل میں پولیس چوکی، سب فائر اسٹیشن، ڈسپنسری، مسجد، وضوخانے، کینٹین اور ریسکیو یونٹ سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہیں اورٹینکرز کے لئے بنائے گئے نظام کے تحت آئل ٹینکرز کی فلنگ کے لئے چھ ٹائم زون مقرر کئے گئے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ موجودہ منتخب بلدیاتی قیادت نے کراچی کی بہتری ، ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر سطح پر بہترین کام انجام دیئے ہیں،انہوں نے کہاکہ آئل ٹینکرز کی شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً شیریں جناح کالونی میں پارکنگ کے باعث نہ صرف وہاں کے رہائشیوں کیلئے تکلیف دہ تھا بلکہ وہاں موجود اسپتالوں میں آنے والے مریضوں، یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولوں کے طالبعلموں کو بھی مشکلات کا سامنا تھا۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت آئل ٹینکرز کی منتقلی کیلئے بورڈ آف ریونیو نے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کی تعمیر کیلئے 200 ایکڑ اراضی کے ایم سی کے حوالے کی یہ ایک میگا منصوبہ تھا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محدود وسائل کے باعث اس کی تعمیر ایک بڑا مسئلہ تھی اس لئے اس منصوبے کے تحت حکومت سندھ کو اس منصوبے کی لاگت کا نصف جبکہ کے ایم سی بقیہ نصف لاگت اٹھانے کے ساتھ ساتھ آئل کمپنیز اور آئل ٹینکرز مالکان کو اس میں حصہ ڈالنے کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں تاہم آئل ٹینکرز مالکان کی جانب سے منصوبے کی لاگت میں شراکت سے انکار کردیا گیا جبکہ آئل کمپنیز نے بھی پہلے فیز کی تکمیل کے بعد فنڈز کی ادائیگی روک دی ان تمام مشکلات اور مالی دشواریوں کے باوجود بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس منصوبے کو مکمل کرکے یہ ثابت کردیا کہ اگر وسائل نہ بھی ہوں اور ہمت و جذبہ موجود ہو تو ہم ہر کام کرسکتے ہیں۔ ایک جانب عدالت عظمیٰ کے احکامات تھے جبکہ دوسری جانب ہمارے سامنے شہریوں کا معاملہ تھا اس لئے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم نے اس منصوبے کو مکمل کیا ہم آج اس منصوبے کے افتتاح پر اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں جس نے ہر مرحلے میں ہماری مدد کی ۔انہوں نے کہا کہ ٹرمینل کے لئے خصوصی طور پر نیشنل ہائی وے پر 36 فٹ چوڑی دو رویہ سڑک بھی تعمیر کی گئی ہے جبکہ 54 انچ قطر کی پانی کی لائن سے منسلک 150 ہزار گیلن کی گنجائش پر مشتمل انڈرگرائونڈ اور 60 ہزار گیلن کی گنجائش پر مشتمل بالائی ٹینک بھی تعمیر کیا گیا ہے جبکہ محکمہ پارکس کو آئل پارکنگ ٹرمینل اور اس کے اطراف سبزہ کاری کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے ، ٹینکرز کیلئے بنائے گئے نظام کے تحت آئل ٹینکرز کی فلنگ کے لئے 6 ٹائم زون مقرر کئے گئے ہیں ہر چار گھنٹے بعد آئل ٹینکرز کو فلنگ کیلئے بھیجا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ منتخب بلدیاتی قیادت نے اختیارات اور فنڈز نہ ہونے کے باوجود مختصر عرصے میں جس طرح کراچی کی بہتری ،ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر سطح پر جو کام انجام دیئے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کے آنے کے بعد شہر کی صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے جو خوش آئند ہے، میں PSO، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران کا خصوصی شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے کراچی کے اس دیرینہ مسئلہ کو حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لی اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی PSO انعام الحق شیخ نے کہا کہ ذوالفقار آئل ٹینکرز ٹرمینل کا نام تبدیل کرکے میئر کراچی کی خدمات کے اعتراف میں ا س کا نام وسیم اختر آئل ٹینکرز ٹرمینل رکھا جائے۔تقریب سے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، ایم ڈی PSO عمران الحق شیخ، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری ڈاکٹر بدر الدین، جنرل سیکریٹری اے پی ٹی اے حنیف کاکڑ، ایڈیبل آئل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بختاور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔  
     
     
   
     
     

 

 

 

 

 
 
     
 

Copyright © 2011-2012 Karachi Metropolitan Corporation. All rights reserved.
The KMC will not be responsible for the content of external internet sites. / Login  / Webmail  / Webmail 2  / 1339 Executive Dashboard